Friday, April 19, 2024

اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2435 تک پہنچ گئی

اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2435 تک پہنچ گئی
October 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ڈینگی مریضوں کی کل تعداد 2435 تک پہنچ گئی۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ڈینگی کے 104 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

دیہی علاقوں سے 56 جبکہ شہری علاقوں سے 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سیزن میں اسلام آباد میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 2435 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 6 افراد ڈینگی کے باعث جاں کی بازی ہار چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پمز ہسپتال میں ڈینگی کے 26 جبکہ پولی کلینک میں 2 مریض لائے گئے ہیں جبکہ نجی لیبارٹریز سے 58 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔