Saturday, July 27, 2024

اسلام آباد میں ڈینگی بےقابو، ایک دن میں مزید 35 افراد میں ڈینگی کی تشخیص

اسلام آباد میں ڈینگی بےقابو، ایک دن میں مزید 35 افراد میں ڈینگی کی تشخیص
November 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد میں ڈینگی بےقابو ہو گیا۔ ایک دن میں مزید 35 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔

ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 35 کیسز سامنے آئے۔ شہری علاقوں میں  14 جبکہ دیہی ایریاز میں21 کیسز سامنے آئے۔ پمز اسپتال میں ڈینگی کے 9 ، فیڈرل جنرل اسپتال چک شہزاد میں ڈینگی کے 4 ،  نجی لیبارٹریوں میں آنے والے 18 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 5 ہزار 141 ہو گئی۔ دیہی علاقوں میں ڈینگی کے کل کیسز کی تعداد 2 ہزار 980 جبکہ  شہری علاقوں میں تعداد 2 ہزار 161 ہو چکی ہے۔ ڈینگی سے اب تک 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ادھر خیبر پختونخوا میں موسم سرد ہونے کے باجود ڈینگی مچھر کے وار تھم نہ سکے۔ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے مزید 198 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں ڈٰینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 618 تک پہنچ گئی۔ صوبائی دارالحکومت پشاور 85 نئے مریضوں کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔

لاہور شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 126 مریض رپورٹ ہوئے۔ سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق لاہور سے 64، راولپنڈی سے 24، گوجرانولہ سے 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔ شیخوپورہ سے 8، ننکانہ صاحب سے 3 جبکہ چکوال، سرگودھا اور ملتان سے 2 دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔