Thursday, March 28, 2024

اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل

اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل
March 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے پی ڈی ایم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی۔ قافلے 24 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

تحریک عدم اعتماد نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے داؤ پیچ آزما رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد پی ٹی ایم نے لانگ مارچ کی کال دے دی ہے۔ ن لیگ نے یوسی سطح کے اپنے کارکنوں کو لانگ مارچ میں بھرپورحصہ لینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ کارکنوں کو کسی بھی مزاحمت کے لیے تیار رہنے کا بھی کہا جا رہا ہے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کہتے ہیں عمران خان حکومت بچانے کیلئے ہجوم گردی کا سہارا لے رہے ہیں۔ وزرا کے یہ بیانات کہ جو ووٹ ڈالے گا ہمارے ہجوم سے گزرے گا، یہ تو ہجوم گردی ہے۔ ایسا تو ہٹلر اپنے مخالفین کے خلاف کیا کرتا تھا۔

سابق اسپیکر ایاز صادق کہتے ہیں دسمبر میں کہا تھا کہ میری مسکراہٹ دیکھ لیں ، اللہ تعالی بہتر کریں گے۔ موجودہ حالات پیدا کرنے میں عمران خان کی زبان کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کہتے ہیں خبریں دلچسپ مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں۔ اتحادی اپنی پوزیشن آج واضح کر دیتے اگر حکومت اجلاس آگے نہ لے کر جاتی ۔ یہ وقت لینا چاہتے ہیں، وہ بھی چاہتے ہیں یہ زیادہ وقت لیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک کی سیاسی صورت حال دگرگوں ہو رہی ہے۔ اسی سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے سیاستدانوں کو ہوش مندی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔