Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے
October 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ اسحاق ڈار اپنے وکیل قاضی مصباح کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل اسحاق ڈار نے وارنٹس منسوخی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کا آرڈر بھی ختم کیا جائے۔ اسحاق ڈار اب عدالت کے سامنے موجود ہیں۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے خود بھی اسحاق ڈار کے کوئی وارنٹس جاری کیے تھے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ہم نے وارنٹس جاری کئے تھے لیکن وہ معطل ہو گئے تھے۔ وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ عدالت نے صرف اسحاق ڈار کی حاضری کیلئے وارنٹس جاری کیے تھے۔

عدالت نے نیب افسران سے سوال کیا اب آپ کا کیا موقف ہے وارنٹس منسوخ کئے جائیں یا نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے بھی وارنٹس منسوخی کی حمایت کر دی جس پر احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے دس لاکھ روپے مچلکے کے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

اسحاق ڈار کی جانب سے جائیداد ضبطگی اور حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قرضہ کسی کی جیب میں نہیں اسٹیٹ بینک میں جاتا ہے۔ ملک میں منفی سیاست کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کو ملکر ملک کو بحران سے نکالنا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ  ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھائی گئی۔ ڈالر کی قیمت 200 روپے سے کم ہو گی۔ روپے کی قدر بڑھ رہی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موڈیز کی ریٹنگ سے گھبرائیں نہیں موڈیز سے کل بات ہوئی ہے۔ موڈیز نے جن گراونڈز پر ریٹنگ کی اس ایک ایک گراؤنڈ کا مناسب جواب دوں گا۔

وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ چند دن میں پٹرول کی قیمت تیرہ روپے کم ہوئی۔ غلط کام کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔