Saturday, September 21, 2024

اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق نے عمران خان کی گھڑی خریدنے کی تردید کردی

اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق نے عمران خان کی گھڑی خریدنے کی تردید کردی
December 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق نے عمران خان کی گھڑی خریدنے کی تردید کردی، کہا کہ اس کیخلاف پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، کسی نے اس کی دکان کے لیٹر ہیڈ اور مہر کا غلط استعمال کیا۔

عمران خان کی توشہ خانہ سے خریدی گھڑی کا معاملہ نیا موڑ اختیار کرگیا، مبینہ خریدار نے گھڑی خریدنے کی تردید کردی۔ اسلام آباد کے تاجر محمد شفیق نے ویڈیو بیان جاری کیا کہ گھڑیوں کی فروخت سے متعلق اپنا موقف پیش کردیا۔

تاجر محمد شفیق کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصہ سے صرف اس وجہ سے خاموش تھے کہ معاملہ خود بخود ختم ہوجائے، ساتھ ہی انہوں نے ان کیخلاف پراپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف عدالت جانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

اس سے پہلے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی زلفی بخاری کے ساتھ گفتگو کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں گھڑی کی فروخت کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔