Friday, March 29, 2024

شہبازگل کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیشن جج کو نظرثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم

شہبازگل کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیشن جج کو نظرثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم
August 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہبازگل کیس میں حکومت کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دیدیا۔

قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے آج دلائل کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے سیشن جج درخواست سن کر میرٹ پر فیصلہ کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی بغاوت پر اُکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئےـ سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

اس سے قبل قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ اور شہبازگل کی مقدمہ اخراج کی درخواستوں پرسماعت کی۔

جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ وہ پولیٹیکل فِگر ہے، لیکن عدالت کے سامنے یہ بات بےمعنی ہے۔ عدالت نے قانون کے مطابق دیکھنا ہے۔

جسٹس عامرفاروق نے مزید کہا کہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ سیشن عدالت کا ایک فورم موجود ہے کہ وہ سپروائز کرلے۔ سیشن عدالت دیکھے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کوئی غلط فیصلہ تو نہیں کردیا۔

قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا جائے پھر تو بات ہی ختم ہوگئی۔ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنا سنجیدہ معاملہ ہے، ملزم ہمیشہ عدالت کا فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ ریمانڈ تو نہیں دیتی۔ تفتیش کرنا پولیس کا کام ہے، اسے سپروائز مجسٹریٹ نے ہی کرنا ہے۔ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں کہ وہ دیکھے کہ ملزم کا کتنا ریمانڈ دینا ہے۔

دوسری جانب شہباز گل کی بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔