Tuesday, April 23, 2024

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل

توشہ خانہ کیس  میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل
March 17, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو کل تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ یہ جان لیں کہ یہ انڈر ٹیکنگ عدالت کے سامنے بیان کے مترادف ہے، اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے عمران خان کا بیان حلفی قبول کرلیا، عدالت نے پولیس کو عدالت میں پیشی تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں جاری سیشن کورٹ کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کیلئے درخواست پر سماعت کی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے عمران خان کی انڈر ٹیکنگ منظور نہیں کی؟ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے لاہور کے واقعہ کو مدنظر رکھ کر انڈر ٹیکنگ منظور نہیں کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں نے ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر سکیورٹی سے متعلق کہہ دیا ہے، سکیورٹی کے حوالے سے سیشن جج کو بھی اس حوالے سے کہہ دیا ہے۔ خواجہ حارث نے عمران خان کی پیشی کی یقین دہانی کرائی تو چیف جسٹس نے کہا کہ انڈرٹیکنگ کا مطلب عدالت کے سامنے بیان ہے، اگر خلاف ورزی ہو تو اس کے نتائج ہوں گے اور توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

عدالت نے حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور اسلام آباد پولیس سکیورٹی مہیا کرنے کیلئے اقدامات کرے۔