Friday, April 19, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل تعینات کرنے کیلئے بھارتی حکومت کو ایک ماہ دے دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل تعینات کرنے کیلئے بھارتی حکومت کو ایک ماہ دے دیا
March 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ میں کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کے معاملے پر عدالت نے کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل تعینات کرنے کیلئے بھارتی حکومت کو ایک ماہ دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کو وکیل فراہمی کیلئے وزارت قانون کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کی۔ عدالت نے بھارت کو کلبھوشں یادیو کیلئے وکیل کی فراہمی کا ایک اور موقع دیدیا۔

چیف جسٹس کے استفسار پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بھارت کلبھوشن کی سزا کیخلاف اپیل کیلئے منظور خصوصی ایکٹ سے بھی راضی نہیں۔ وہ کلبھوشن کو وکیل نہیں دینا چاہتا۔ بھارت چاہتا ہے کہ یہ کارروائی رک جائے اور وہ عالمی عدالت انصاف جا سکے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کا فیصلہ شاید بھارت نے پڑھا نہیں اور یا غلط تشریح کر رہے ہیں ۔اگر بھارت اس کیس میں نہیں آنا چاہتا تو کیس کو کیسے آگے لیکر چلیں ؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر بھارت نہیں چاہتا توعدالت کلبھوشن یادیو کے لیے نمائندہ مقرر کرے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت  فیئر ٹرائل کو یقینی بنائے گی۔ اگر عدالت اس نتیجے پر پہنچی گی کہ کلبھوشن کو سزا قانون کے مطابق نہیں ملی تو اسے کالعدم قرار دیگی۔ کلبھوشن بھارتی شہری ہونے کے ساتھ ساتھ ایک انسان بھی ہے ۔ بھارت کو ایک اور موقع دیتے ہیں۔ کیس کی سماعت 13 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔