اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف شہید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کو فراہم کئے جانے کے بعد درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ارشد شریف کی والدہ کو پوسٹمارٹم رپورٹ حوالے کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ارشد شریف کی والدہ کو رپورٹ فراہم کر دی گئی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اس کیس سے متعلق پاکستان میں کیا ہورہا ہے؟ وکیل شعیب رزاق نے بتایا کہ پاکستان میں بھی ایف آئی آر ہو سکتی ہے جس پر چیف جسٹس عامر فاروق بولے ویسے تو ٹرائل بھی پاکستان میں ہو سکتا ہے۔ عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل بھی پاکستان میں ہوا تھا۔
وکیل شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ ہماری ایک درخوست جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے بھی زیر التواء ہے۔ ابھی پاکستان میں کیس سے متعلق کچھ نہیں ہو رہا۔ عدالت نے ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ انکی والدہ کو فراہمی کے بعد درخواست نمٹا دی۔