Saturday, July 27, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، ایمان مزاری کی دیگر مقدمات میں آئندہ سماعت تک گرفتاری روک دی

اسلام آباد ہائیکورٹ، ایمان مزاری کی دیگر مقدمات میں آئندہ سماعت تک گرفتاری روک دی
August 30, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کو دیگر مقدمات میں آئندہ سماعت تک گرفتار کر کے اسلام آباد سے باہر لے جانے سے روک دیا۔ مقدمات سے متعلق سیکرٹری داخلہ سے کل تک رپورٹ بھی طلب کرلی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ ہم بڑے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہمی کی درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل میں کہا کہ دہشتگردی اور بغاوت کی دفعات کے تحت درج دو کیسز میں ایمان مزاری کی ضمانت پر رہائی ہوئی پھر اڈیالہ جیل کے باہر سے ایمان مزاری کو تیسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ہم بڑے مشکل دور سے گزر رہے ہیں، ایمان مزاری اس عدالت میں موجود تھی میں نے کہا اپنی ماں کی زبان کنٹرول کریں، ایمان مزاری نے یقین دہانی کرائی پھر انہوں نے اپنی زبان خود کنڑول نہیں کی۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اس وقت ہم نارمل حالات سے نہیں گزر رہے، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کو قانون کے مطابق عدالت دیکھ سکتی ہے، یہ مقدمہ بد نیتی پر مبنی ہے، بتایا جائے ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، استدعا ہے کہ ایمان مزاری کو کسی اور مقدمہ میں گرفتاری سے روکا جائے، عدالت نے کل تک سیکرٹری داخلہ کو صوبوں سے رپورٹس طلب کرکے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ایمان مزاری کے خلاف 20 اگست کے بعد کا کوئی وقوعہ ہے تو اس میں گرفتارنہ کیا جائے، سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کردی گئی۔