Saturday, April 27, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرکے سماعت کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کرکے سماعت کرنیکا فیصلہ
December 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے اور الیکشن رکوانے سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے بتایا کہ درخواستگزار کی جانب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کا حکومتی نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومتی نوٹیفکیشن کے بعد بھی الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھا کر توہین عدالت کی گئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یونین کونسلز بڑھانے کی منظوری کابینہ نے دی تو درخواست صرف وزیراعظم کیخلاف کیوں؟ استفسار کیا کہ کابینہ کو قانون سازی سے کیسے روک سکتے ہیں۔ اگر کوئی مسئلہ ہے بھی تو اُمید ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن مل کر حل کرلیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ووٹرز نے بھی ووٹ تبدیلی کیخلاف درخواست دی ہوئی ہے۔ میرے خیال میں وہ معاملہ زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ آج میں وفاقی حکومت کو روک دوں کہ آئندہ کوئی قانون پاس نہیں کرنا؟ پارلیمنٹ کو قانون سازی سے کیسے روک سکتے ہیں؟ لوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرکے ایک سماعت کریں گے۔

ن لیگ کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو پرانی ووٹرز لسٹ کے مطابق الیکشن کرانے سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کب ہے؟ جس پر بتایا گیا کہ الیکشن 31 دسمبر کو ہونگے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ایسا کرتے ہیں کیس کل تک ملتوی کرتے ہیں جب تک ڈی جی الیکشن کمیشن بھی اپنے آفس سے ہدایات لے لیں گے۔