Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، ارشد شریف کی پوسٹمارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے پر پمز اور اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ، ارشد شریف کی پوسٹمارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے پر پمز اور اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس
November 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائی کورٹ نے ارشد شریف کی فیملی کو پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے پر پمز اسپتال اور اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مرحوم ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف والدہ کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی،
ارشد شریف کی والدہ کی طرف سے بیرسٹر شعیب رزاق عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پمز اور اسلام آباد انتظامیہ پورسٹمارٹم رپورٹ فراہم نہیں کررہی۔ شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے اس لیے پورے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ارشد شریف کی فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ صرف ارشد شریف فیملی کو فراہم کی جائے اور بغیر فیملی کی اجازت اسے پبلک نہ کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کی والدہ کی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے پمزاسپتال اور اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیئے اور دونوں فریقین سے پندرہ نومبر تک جواب طلب کر لیے۔

کیس کی آئندہ سماعت پندرہ نومبر کو ہوگی۔