Saturday, May 4, 2024

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ نہ ہوسکی، الیکشن کمیشن کا عملہ غائب، پی ٹی آئی کی عدالت دستک

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ نہ ہوسکی، الیکشن کمیشن کا عملہ غائب، پی ٹی آئی کی عدالت دستک
December 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹرز تو پولنگ اسٹیشنز پہنچے لیکن الیکشن کمیشن کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا، عدالتی احکامات نہ ماننے پر ووٹرز نے الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

اسلام آباد کے عوام ایک بار پھر بلدیاتی نمائندے چننے کے حق سے محروم ہو گئے۔ صبح سویرے ووٹرز کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز کے باہر پہنچ گئی لیکن آگے پولنگ اسٹیشنز کو تالے لگے تھے، عملہ تھا نہ انتخابی سامان۔

اس موقع پر ووٹرز نے کھل کر الیکشن کمیشن پر تنقید کی۔ پولنگ اسٹیشن میں تو ووٹ کاسٹ کر نہ سکے۔ ووٹرز نے اسٹیشن کے باہر خود سے عوامی پولنگ شروع کر دی۔

ووٹنگ نہ ہونے پرتحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

الیکشن نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کر دی جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے بھی توہین عدالت سے متعلق درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔