Sunday, September 8, 2024

اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر شہباز شریف کا وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر شہباز شریف کا وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
January 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے عمران خان اب استعفیٰ دے کرگھرجائیں، شہبازشریف نے کہا قانون واضح ہے حقائق چھپانے، چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والا آئینی، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا، انہوں نے کہا کہ جب نوازشریف جیسے مقبول عوامی وزیراعظم پر قانون لاگو ہوسکتا ہے تو عمران نیازی پر کیوں نہیں؟

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کیس روزانہ کی بنیاد پرسنا جائے۔

شہباز شریف نے کہا ملک میں اس وقت کوئی وزیراعظم نہیں، اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا ہوچکا ہے جو بھی حکومتی فیصلے ہوں گے وہ آئینی اور قانونی نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے ملک میں پیدا ہونے والے اس سنگین آئینی بحران پر مشاورت کروں گا۔