Saturday, April 20, 2024

اشتعال انگیز تقاریر کیس، بابر غوری سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اشتعال انگیز تقاریر کیس، بابر غوری سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
July 5, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - اشتعال انگیز تقاریر کیس میں ایم کیوایم کے رہنما بابر غوری کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار متحدہ کے رہنما بابر غوری کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر کو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم بیرون ملک مقیم تھا، وطن واپسی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمہ دو ہزار پندرہ میں درج کیا گیا تھا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی ملزم سے تفتیش کرنی ہے ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزم بابر غوری کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

بابر غوری نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ مقدمات بےبنیاد ہیں۔ اگر الزامات میں سچائی ہوتی تو وطن واپس نہیں آتا۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے نیب ریفرنس اور منی لارڈنگ کیس میں بابر غوری کی حفاظتی ضمانت میں نو دن کی توسیع کر دی۔ عدالت نے بابر غوری کو  نو  دن کے اندر ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہداہت کر دی۔ عدالت نے نیب اور ایف آئی اے کو بابر غوری کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔