Friday, April 26, 2024

اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا
September 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔

اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کیلئے وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نزیر تارڑ کے ہمراہ ایوان پہنچے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسحاق ڈار سے حلف لیا۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا اور ہنگامہ آرائی کی۔

پی ٹی آئی ارکان نے چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیراؤ کیا اور اجلاس کےایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

حلف اٹھانے کے بعد حکومتی اتحاد کے ارکان نے اسحاق ڈار کی نشست پر جاکر مبارکباد دی۔ اجلاس میں شرکت سے قبل نامزد وزیر خزانہ نے روپے کی قدر کی بحالی اور مہنگائی میں کمی کو بڑا چیلنج قرار دے دیا۔

جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کے باعث  نامزد وزیرخزانہ اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں خود کو سرنڈر کرنے احتساب عدالت نہ جا سکے جبکہ درخواستگزار اظہر صدیق نے الیکشن کمیشن میں اسحاق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست واپس لے لی۔ اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ کل حلف اٹھائیں گے۔