Thursday, March 28, 2024

اسحاق ڈار کا ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ نشست کا حلف اٹھانے کا فیصلہ

اسحاق ڈار کا ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ نشست کا حلف اٹھانے کا فیصلہ
February 10, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ نشست کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔

اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست پر حلف لینے کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کر لیا۔ چیئرمین سینیٹ کو خط کے ذریعے حلف اٹھانے کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن کو بھی خط کی کاپی بھجوا دی۔

اسحاق ڈار کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ 2018  کو سینیٹ کی نشست پر انتخاب کو چیلنج کرنے سے پیدا ہونے والا قانونی تنازعہ حل ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس سول اپیل مسترد کی جس کے بعد ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہو گیا۔ الیکشن کمیشن نے 10 جنوری کو سینٹ نشست پر کامیابی کو معطل کرنے کا اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

اسحاق ڈار نے مزید لکھا کہ قانونی  رکاوٹیں  دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں تاہم  برطانیہ میں زیرعلاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں۔ اس لئے  بطور سینیٹر ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے۔ اگر  ایسا نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔

 اسحاق ڈار نے خط میں واضح کیا کہ ایک متعین مدت میں بطور رکن پارلیمنٹ حلف  لینے کے حوالے سے حالیہ قانونی ترمیم ان کے 3 مارچ 2018  کو ہونے والے  الیکشن پر لاگو نہیں ہوتی۔ اسحاق ڈار نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی ہے۔