Thursday, May 2, 2024

اسحاق ڈار کا ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ کا حلف اٹھانے کیلیے عدالت سے رجوع

اسحاق ڈار کا ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ کا حلف اٹھانے کیلیے عدالت سے رجوع
March 5, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے سینیٹ کا حلف اٹھانے کیلیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

لیگی رہنما نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔ درخواست میں پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ میں ویڈیو لنک حلف کے انتظامات کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں وفاق، چیئرمین سینٹ، الیکشن کمیشن فریق نامزد کیئے گئے ہیں۔

وکیل کے مطابق سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیخلاف کیس کی وجہ سے اسحاق ڈار بطور سینیٹر حلف نہیں لے سکے تھے۔ 21 دسمبر 2021ء کو سپریم کورٹ کے اسحاق ڈار کی کامیابی کیخلاف دائر اپیل خارج کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے 10 جنوری کو کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

 درخواست کے متن میں کہا گیا اسحاق ڈار علاج کی غرض سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور دوران علاج حلف لینے کیلئے واپس ملک آنا ممکن نہیں۔ اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لینے کیلئے بھی چیئرمین سینٹ کو خط لکھا جو بلاجواز مسترد کیا گیا۔

 اسحاق ڈار نے کہا چیئرمین سینٹ رکن کا حلف لینے کیلئے کسی بھی فرد کو نامزد کرنے کا آئینی اختیار رکھتے ہیں۔ کورونا وبا کے سبب دنیا بھر کی پارلیمان کے سیشنز ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوئے۔ منتخب ارکان پارلیمان کو مقررہ مدت میں حلف لینے کا پابند بنایا جانا غیر آئینی ہے جسے عدالت میں پہلے ہی سے چیلنج بھی کیا جا چکا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین سینیٹ کا ویڈیو لنک کے ذریعے حلف نہ لینے کا فیصلہ غیر آئینی و قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ درخواستگزار کے حلف کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن کا نمائندہ مقرر کر کے برطانیہ میں ہی اسحاق ڈار کا حلف لینے کا حکم دیا جائے۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویڈیو لنک پر بطور سینیٹر حلف لینے کے انتظامات کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست کے حتمی فیصلے تک اسحاق ڈار کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے بھی روکا جائے۔