Sunday, May 5, 2024

اسحاق ڈار کا نیوکلیئر اثاثوں سے متعلق بیان، وزیراعظم حقیقت قوم کے سامنے لائیں، شاہ محمود

اسحاق ڈار کا نیوکلیئر اثاثوں سے متعلق بیان، وزیراعظم حقیقت قوم کے سامنے لائیں، شاہ محمود
March 19, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کہتے ہیں اسحاق ڈار نے سینٹ میں نیوکلیئر اثاثوں سے متعلق بیان کیوں دیا؟ انہوں نے وزیراعظم سے حقیقت قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

اتوار کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رضا ربانی بھی وزیرخزانہ کے بیان پر تشویش کا اظہار کرچکے، طویل مذاکرات کے باوجود ابھی تک آئی ایم ایف سے معاہدہ کیوں نہیں ہو پا رہا؟ پی ٹی آئی اور عوام ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم بیان دیں تاکہ افواہیں دم توڑ جاٸیں، کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ ہمارے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں ہم سے سوال جواب کرے۔ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے حوالے سے ہم دنیا کو مطمٸن کر چکے ہیں۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ ہمسایہ ممالک کے جارحانہ عزاٸم ہیں، بھارت کے ارادے اور ہندوتوا سوچ کسی سے چھپی نہیں ہے۔ ہمارا نیوکلٸیر پروگرام پاکستان کے دفاع کیلٸے ہے۔ نیوکلٸیر پروگرام اور اثاثوں پر قومی اتفاق رائے ہے۔

شاہ محمود نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نیوکلٸیر معاملے پر فی الفور پالیسی بیان دیں، وزیر خارجہ کو اس معاملے پر فورا سامنے آنا چاہیے تھا۔