Wednesday, May 8, 2024

آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج

آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج
February 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کر دیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں۔ دونوں کو عوام نے منتخب کر رکھا ہے۔ جب عوام نے منتخب کر رکھا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟جب ٹرولنگ ہونی ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں؟ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139 ویں نمبر پر ہیں۔ یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں پورے گورننس سسٹم کی ہوتی ہے۔

چیف جسٹس نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والی وجوہات کی کاپی وکلا کو دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے؟ میں نہیں کہتا عدالتیں بہت اچھی ہیں لیکن پورا سسٹم دیکھیں۔ یہ عدالتوں کی ریٹنگ ہے ہی نہیں، یہ پورے ملک کی گورننس کی ریکٹنگ ہے۔ اگر سیاسی جماعتیں اپنے فالورز کو کہیں کہ بدتمیزی نہ کریں اور نفرت انگیز مواد نہ پھیلائیں۔ سیاسی جماعتیں اپنے تنازعات عدالتوں سے باہر نمٹائیں۔ سیاسی تنازعات عدالتوں میں لانا عوام کے مفاد میں نہیں۔ یہ عدالت اس معاملے میں اپنا اختیار استعمال کرنے سے گریز کرتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے مقاصد کے لیے عدالتی فورم استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

درخواستیں خارج ہونے کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔