Wednesday, May 22, 2024

اے ایس ایف نے بھی رہائشی سکیموں کاکام شروع کردیا

اے ایس ایف نے بھی رہائشی سکیموں کاکام شروع کردیا
November 4, 2016
کراچی(92نیوز)ملک بھر کے ایئر پورٹس کی حفاظت کرنے والی ایئر پورٹس سکیورٹی فورس نے رہائشی سکیموں کا کام شروع کردیا ہے اے ایس ایف  اپنے ملازمین کے علاوہ شہریوں کو بھی  زمینیں فروخت کررہی ہے قرعہ اندازی کے بعد رجسٹریشن فارمز لاکھوں روپے میں فروخت ہورہے ہیں ۔ تفصیلات کےمطابق ملک بھر میں ایئر پورٹس کی سکیورٹی کرنے والی  ایئرپورٹس سکیورٹی فورس نے رہائشی اسکیموں کا کاروبار شروع کردیا ، اے ایس ایف اپنے ملازمین کے علاوہ عام شہریوں کو بھی زمنیں فروخت کررہی ہے  رہائشی سکیموں کی مد میں 80ہزارممبران سے 8 کروڑ روپے نا قابل واپسی وصول کیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق اپارٹمنٹس کی قرعہ اندازی کے بعد رجسٹریشن فارمز کی منڈی لگ گئی ہے جن افراد کے نام قرعہ اندازی میں نکلے ہیں وہ ایک ہزار میں لیا گیا فارم لاکھوں روپے میں بیچ رہے ہیں  اور تو اور اس بہتی گنگا میں بلڈرز نے بھی ہاتھ دھونا شروع کردیئے ہیں ۔ اے ایس ایف فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے جمع ہو گئے ہیں قانون کے مطابق کسی بھی ادارے کی فائونڈیشن کا مقصد اپنے ادارے کی فلاح ہوتا ہے کمرشل بنیادوں پر کام کرنا نہیں  ۔ اے ایس ایف کی جانب سے کراچی کے بعد لاہور اسلام آباد میں بھی اسی طرز کی اسکیموں کے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف بلڈرز کے ساتھ مل کر ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے زمینوں اور پروجیکٹ کا کام شروع کر دیا ہے۔ مستقبل قریب میں ایئر پورٹس سکیورٹی فورس رہائشی اسکیموں کے کاروبار سے اربوں روپے کما کر دیگر اداروں کے مقابلے میں امیر ترین ادارہ ہوگا دوسری جانب خبر پر مؤقف جاننے کیلئے جب ترجمان اے ایس ایف کرنل کاشف سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مؤقف کوئی نہیں ہے آپ خبر روک دیں ۔