Saturday, May 4, 2024

آصف علی زرداری کی چودھری بردران ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو

آصف علی زرداری کی چودھری بردران ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو
February 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن کی اہم جماعت پیپلزپارٹی اور حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق کے درمیان اہم رابطہ قائم ہوا ہے، سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں چودھری بردران سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر گفتگو ہوئی۔

سیاسی رابطے تیز ہوگئے، اپوزیشن نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری چودھری برادران سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔

چودھری برادران سے آصف زرداری کی ملاقات کے دو سیشن ہوئے، پہلی نشست میں چودھری مونس الہٰی،طارق بشیر چیمہ،سالک حسین اور رخسانہ بنگش شریک ہوئے۔

دوسرے سیشن میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی سے سابق صدرنے علیحدگی میں ملاقات کی۔ ملک کی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق چودھری برادران نے جواب دیا عدم اعتماد کے لیے پارٹی سے مشاورت کریں گے۔

آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین کے قریب جا کر مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت نے کہا اللہ کا شکر ہے اب پہلے سے کافی بہتر ہوں۔ ملاقات کا سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا۔

ذرائع نے بتایا سابق صدر کی چودھری برادران سے چند روز میں دوبارہ بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔