Friday, April 19, 2024

اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز میں سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع

اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز میں سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع
January 7, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی۔

احتساب عدالت لاہور میں سلیمان شہباز کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، سلیمان شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی ہے۔

دوسری جانب شوگر ملز کے ذریعے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں اسپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ وزیراعظم کے صاحبزادے کی عبوری ضمانت میں 21 جنوری تک توسیع کردی گئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔ مفرور ملزم طاہر نقوی کا کیس الگ سنا جائے گا۔

واضح رہے کہ عدالت نے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں اشتہاری قرار دے رکھا تھا، سلیمان شہباز نے ملک واپس آ کر عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔