Friday, May 17, 2024

اس وقت ملک میں سیاسی، معاشی اور عدالتی بحران ہے، رانا ثناء اللہ

اس وقت ملک میں سیاسی، معاشی اور عدالتی بحران ہے، رانا ثناء اللہ
March 22, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، دہشت گردی میں شہید اہلکاروں اور زلزلہ میں جاں بحق شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں، اسے تمام اداروں پر فوقیت ہے، فوج پاکستان کا فخر ہے، دلیری کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج قوم، حکومت اور اداروں کو 3 نکات پر رہنمائی کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ تمام اداروں کا آئینی اختیار ہے، مگر وہ اختیار پارلیمنٹ کی مرہون منت ہے۔ الیکشن کے انعقاد پر مختلف آراء ہیں، الیکشن کے انعقاد پر پارلیمنٹ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں بحران ہے اور اسے مزید بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس وقت ملک میں سیاسی، معاشی اور عدالتی بحران ہے، حالات خراب نہیں لیکن خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس پر غور کریں تو معاملات ایک ہی شخص اور اس کے جتھے پر جا کر رکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات پر بھی پارلیمنٹ کو تمام اداروں کی رہنمائی کا حق حاصل ہے، پہلے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ کی جس طرح تضحیک کی گئی وہ تاریخ کا حصہ ہے، مسلسل 2018ء تک لانگ مارچ، احتجاج، کبھی جلسے ہوتے رہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ویڈیو لیکس کا آغاز عمران خان کے دور میں شروع ہوا، ان کے دور میں چیئرمین نیب کی ویڈیو لیک ہوئی، عمران خان نے سانفر پر پراپیگنڈا کرکے قوم کو گمراہ کیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ ملک کو معاشی بحران میں جانے سے روکا جائے، جب تک سیاسی عدم استحکام ہے، معاشی استحکام ممکن نہیں، آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، اب آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ شرائط پوری کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آئیں بیٹھیں اور میثاق معیشت کریں، شہباز شریف نے عمران خان کو میثاق معیشت کی دعوت دی۔ شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت دی۔