Friday, April 26, 2024

اس مرتبہ پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان مذاکرات کسی نتیجہ پر پہنچ جائینگے، ذبیح اللہ مجاہد

اس مرتبہ پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان مذاکرات کسی نتیجہ پر پہنچ جائینگے، ذبیح اللہ مجاہد
June 18, 2022 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) - افغان نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے امید ظاہر کی ہے کہ اب کی بار پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان مذاکرات کسی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے نائنٹی ٹونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی میں مذاکرات کیلئے ہمارا کردار ثالث کا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس بار مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو بھی کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طالبان غیرمعینہ مدت تک طویل جنگ بندی کا اعلان کرچکے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ خطے، ممالک اور خصوصا اپنے قریبی پڑوس میں امن اور اطمینان چاہتا ہے۔ پاکستان میں بہت سے افغان مہاجرین آباد ہیں ان کا تحفظ بھی ہمارے اپنے شہریوں کا تحفظ ہے۔ مصالحت ہونی چاہیے۔ داخلی امور میں ان کے ایک دوسرے سے مطالبات بھی ہوں گے۔ ہم چاہتے ہیں دونوں فریق ایک دوسرے کو نرمی دکھائیں۔

افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ذبیع اللہ نے کہا کہ افغانستان کی گزشتہ انتظامیہ کا سارا انحصار بیرونی ممالک کے امداد خصوصا امریکی امداد پر تھا۔ ان کا 75 فیصد سالانہ بجٹ امریکا کی جانب سے دیا جاتا تھا جبکہ امارت اسلامیہ نے اپنا سارے بجٹ کا انحصار اپنی آمدنی پر منحصر کردیا ہے۔