Sunday, September 8, 2024

وفاقی وزرا آئیں اور ملک میں کرپشن بڑھنے پر صفایاں دیں، شاہد خاقان عباسی

وفاقی وزرا آئیں اور ملک میں کرپشن بڑھنے پر صفایاں دیں، شاہد خاقان عباسی
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا وفاقی وزرا آئیں اور ملک میں کرپشن بڑھنے پر صفایاں دیں۔ 

منگل کے روز، احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی وزارت ایسی نہیں جس میں اسکینڈل نہیں، ملک کے سارے چور کابینہ کی میز پر بیٹھے ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ وزیراعظم کو ساڑھے تین سال بعد پتا چلا کہ بچہ نالائق تھا اور اسے نکال دیا، شہزاداکبر تو کہتے تھے ثبوتوں کے بکسے بھرے ہیں، بتائیں کونسے ثبوت جمع کئے، کس سیاستدان کو سزا دلوائی، اپنے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے لائیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پاکستان کرپشن کے ممالک میں ایک سو سترہ نمبر پر تھا۔ آج پاکستان ایک سو اسی ممالک کی فہرست میں 140 ویں نمبر پر ہے۔

مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر نے اتنی جائیداد کیسے بنائی، بیدیاں روڈ پر نیا فارم ہاؤس تیار کرایا گیا، یہ فارم ہاؤس کن ذرائع سے بنایا، اسپین میں پراپرٹی اہلیہ کے نام پر کیوں رکھی؟ اس سب کا حساب دینا ہو گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے تمام رخ اپوزیشن کی طرف کی طرف رکھا،، اب تو عالمی ادارے بھی کہتے ہیں کہ کرپشن میں اضافہ ہوا۔

ادھر احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت پر لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے، گزشتہ سماعت پر گواہ عاصم ترمذی کے بیان پر شریک ملزمان کے وکلاء کی جرح مکمل نہ ہو سکی تھی۔