Friday, April 26, 2024

اس بار ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، فرخ حبیب

اس بار ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، فرخ حبیب
February 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرمملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اس بار ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رقم کا یہ لین دین منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے، آج شہبازشریف عدالت سے لمبی تاریخ مانگ رہے تھے، اب کی بار ان کو این آراو نہیں ملے گا، سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو صادق و امین قرار دیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کسی ملازم کے اکاؤنٹ سے ایک ارب تو کسی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکلے، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے کہاں سے آئے، سارے معاملے میں شہبازشریف، حمزہ اور سلمان شہباز شامل ہیں۔

فرخ حبیب بولے کہ ہمیشہ کی طرح التوائیں لینے کے اوچھے ہتھکنڈے آج بھی استعمال کیے گئے، شہباز اور حمزہ کی جانب سے فرد جرم کو روکنے کے لئے مختلف درخواستیں دائر کیں گئیں ہیں، جس کا مقصد ہے کہ اصل کیس کی کارروائی روکی جائے۔

وزیرمملکت اطلاعات مزید بولے کہ ان سے ایک بنیادی سوال ہے کہ اگر دھیلے کی کرپشن نہیں کی تو فرد جرم لگنے دیں، فرد جرم کا جواب دیں کہ رمضان شوگر مل کے 14 ملازمین کے اکاؤنٹس میں 17 ہزار ٹرانزیکشنز کیوں ہوئیں۔