Wednesday, April 24, 2024

عارضی کاشت کیلئے چولستان کے مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی الاٹ ہو گی، چودھری پرویز الٰہی

عارضی کاشت کیلئے چولستان کے مقامی کاشتکاروں کو سرکاری اراضی الاٹ ہو گی، چودھری پرویز الٰہی
September 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے 5 سالہ عارضی کاشت کیلئے 20 ہزار کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اراضی الاٹ ہو گی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید 5 ہزار کاشتکاروں کو دوسرے فیز میں چولستان میں اراضی دی جائے گی۔ پہلے فیز کی الاٹمنٹ کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے ہو گی۔ عارضی کاشت کیلئے اراضی دینے سے علاقے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ چولستان کے کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا وسائل پر چولستان کے لوگوں کا بھی برابر کا حق ہے۔ چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے ان کی قسمت بدل جائے گی۔

اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر محمد افضل، رکن اسمبلی چودھری محمد احسن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام کی شرکت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔