Monday, May 6, 2024

ارشدشریف کیس کے فیصلے تک فردجرم عائد نہ کرنیکی شہبازگل کی استدعا مسترد

ارشدشریف کیس کے فیصلے تک فردجرم عائد نہ کرنیکی شہبازگل کی استدعا مسترد
March 11, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ارشدشریف کیس کے فیصلے تک فردجرم عائد نہ کرنے کی شہبازگل کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 22 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کیخلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

مرکزی ملزم شہباز گل عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیارکیاکہ ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، وہ ذاتی طور پرعدالت کے سامنے کچھ گزارشات رکھنا چاہتے ہیں، تفتیشی ٹیم نے اس مقدمہ کے مدعی کو بھی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا، اسی نوعیت کا کیس کراچی میں بھی چل رہا ہے، ارشد شریف نے ملک چھوڑا تو انہیں ٹریس کرنے کی کوشش کی گئی، ارشد شریف کینیا پہنچے تو انہیں وہاں قتل کر دیا گیا، کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے، عدالت سے استدعاہے کہ کیس کے فیصلے تک فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی خارج کی جائے۔

شہباز گل کے دلائل کے بعد اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل کا آغاز کیا، کہا کہ سپریم کورٹ نے اس عدالت کو ٹرائل سے نہیں روکا، عدالت مفروضے کی بنیاد پر مقدمہ کا ٹرائل نہیں روک سکتی۔ یہ مقدمہ ارشد شریف نہیں بلکہ شہباز گل سے متعلق ہے، مرکزی ملزم جان بوجھ کر کیس کو التواء کا شکار کر رہے ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر محفوط فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کی استدعا مستردکرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 مارچ تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔