Thursday, March 28, 2024

آرمی چیف کی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت

آرمی چیف کی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت
August 3, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، گورنر اور وزیراعلی بلوچستان سمیت سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔ راولپنڈی میں میجر طلحہ منان شہید کی نماز جنازہ میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سمیت عسکری حکام نے شرکت کی۔ شہید چیف نائیک مدثر فیاض کی نمازجنازہ شکر گڑھ اور میجر سعید شہید کی نمازجنازہ لاڑکانہ میں آبائی گاؤں میں ادا کی گئی۔ شہدا فوجی اعزاز کےساتھ سپردخاک کیئے گئے۔

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کے اندوہناک حادثے کے شہدا میجرطلحہ منان شہید، میجر سعید شہید اور نائیک مدثر فیاض شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بدقسمت ہیلی کاپٹر کے پائلٹ میجر طلحہٰ شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، سینئرفوجی حکام سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ کورکمانڈر راولپنڈی نے شہید کے والد کو قومی پرچم پیش کیا اور قبر پر پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پائلٹ میجر سعید شہید کو لاڑکانہ اور نائیک مدثر فیاض کو بھی شکر گڑھ نارووال میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپردخاک کیا گیا، پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔