Friday, April 19, 2024

آرمی چیف کی ہدایت پر چولستان میں مفت امدادی کیمپ کا قیام

آرمی چیف کی ہدایت پر چولستان میں مفت امدادی کیمپ کا قیام
May 27, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر چولستان میں مفت امدادی کیمپ قائم کر دیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بہاولپور کور کاسول انتظامیہ کے ساتھ ملکر چولستان میں خشک سالی سے متاثرہ افراد کو امدادی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔

انتظامیہ کی جانب سے دور دراز علاقوں میں مفت راشن اور پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ہیٹ سٹروک کے علاج کی سہولیات اور واٹر باؤزر سے لیس 3 موبائل ہیلتھ ٹیمیں صحرائے چولستان میں نقل مکانی کرنے والوں کے لئے بنائے گئے کیمپوں کا دورہ کر رہی ہیں تاکہ چولستانیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا سکے۔

مقامی طور پر بنائے گئے آبی ذخائر کو بھرنے کے ساتھ ساتھ درجنوں دیہاتوں کو 3 لاکھ لٹر سے زائد پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کرکے انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔

کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء نے چنن پیر میں فری میڈیکل اینڈ خشک سالی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں آرمی افسران اور کمشنر بہاولپور کی جانب سے امدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔