Saturday, July 27, 2024

آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
March 31, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کور ہیڈ کوارٹرز میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور نئے ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے قبائلی اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے اضلاع میں پائیدار استحکام اور دیرپا ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ملک سے انتہاء پسندی، دہشتگردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے پوری قوم کا یکسو نقطہ نظر اور متحد ردعمل ضروری ہے۔

آرمی چیف نے کیپٹن سعد بن عامر شہید، لانس نائیک محمد عرفان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جری سپوتوں نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی۔ گورنر خیبر پختون خواہ شاہ فرمان، صوبائی وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سپہ سالار نے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں آرمی چیف کے کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور نے خیرمقدم کیا۔