آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب، کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا گیا

راولپنڈی (92 نیوز) - سعودی عرب کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو باہمی تعلقات کے فروغ کی کاوشوں کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ سعودی عرب پر ہیں، سپہ سالار نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودیہ کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سعودی عرب، اسلامی دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ دونوں ممالک خطے میں مسلم امہ کے اتحاد بارے اہم ذمہ داری کے حامل ہیں۔
فریقین کی جانب سے مشترکہ تربیت، فضائی دفاع، انسداد دہشت گردی، مواصلات، اطلاعات کے شعبوں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دوطرفہ دفاعی تعاون، تعلقات کے فروغ پر کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس سے نوازا گیا۔