Saturday, April 20, 2024

انڈیا کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں : ترجمان پاک فوج

انڈیا کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں : ترجمان پاک فوج
September 27, 2016
پشاور (92نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باوجود مشرقی سرحدوں پر ہماری مکمل نظر ہے۔ بھارت کو ہرطرح سے جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ مغربی سرحد پر بیس فیصد چیک پوسٹیں بنا رہے ہیں۔ ضرب عضب کے تمام بڑے آپریشنز پر کام مکمل ہو گیا۔ کرسچیئن ورسک حملے اور مردان کچہری حملے کے سہولت کار بھی پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت آپریشن ضرب عضب اور سکیورٹی کے جائزے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں امن وامان کی صورتحال، بھارت کی دھمکیوں اور کشمیر کے صورت حال پربات چیت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ آرمی چیف کی جرمنی سے واپسی کے بعد اسپیشل آپریشنل میٹنگ ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باوجود مشرقی سرحدوں پر ہماری مکمل نظر ہے اور ہم بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ بھارتی الزامات پر افسوس ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک افغان بارڈر پر راجگال کی پہاڑیاں کلیئر ہو چکی ہیں۔ افغانستان کے ساتھ سرحد کا مکمل کنٹرول فوج کے ہاتھ میں ہے۔ راجگال کے برف پوش پہاڑی علاقے سمیت بارڈر پر بیس فیصد چوکیاں تعمیر ہو رہی ہیں جہاں پر فوج تعینات ہو گی۔ بارڈر مینجمنٹ افغانستان کی طرف سے بھی ہو تو موثر ثابت ہو سکتی ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں یکم جولائی سے اب تک ایک ہزار چارسوستر کومبنگ آپریشن ہوئے۔ دہشت گردی کے چودہ منصوبے ناکام بنائے جا چکے ہیں اور سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم ابھی بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے کافی محنت درکارہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وارسک حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔ حملے کے سہولت کاروں میں خواتین بھی ملوث ہیں۔ اس موقع پردو سہولت کاروں کو میڈیا کے سامنے پیش بھی کردیا گیا۔