Thursday, April 25, 2024

ارجنٹائن فرانس کو شکست دیکر فٹ بال کا عالمی چیمپئن بن گیا

ارجنٹائن فرانس کو شکست دیکر فٹ بال کا عالمی چیمپئن بن گیا
December 19, 2022 ویب ڈیسک

لوسیل/ قطر (92 نیوز) - میسی کا خواب پورا، فرانس کا مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا، ارجنٹائن فائنل میں فرانس کو شکست دے کر فٹ بال کا عالمی چیمپئن بن گیا، سنسنی خیز فائنل کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا، اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا ہوگیا۔

ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا، پہلے ہاف میں ارجنٹائن کا پلڑا بھاری رہا اور دو صرف کی برتری حاصل رہی، فرانس پہلے ہاف میں خاطرخواہ کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا،، ارجنٹائن کی جانب سے اسٹار فٹبالر میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی کک پر پہلاجبکہ ڈی ماریا نے 36 ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے اسکور دو صفر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں فرانس نے شاندار کم بیک کیا، فرانس کی جانب سے ایمباپے نے 80 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر پہلا اور اگلے ہی منٹ میں دوسرا گول کر کے ارجنٹائن کی برتری ختم کر دی ا اور اسکور دو دو سے برابر کر دیا۔

میچ برابر ہونے پر 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا، میسی نے 109 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تو فرانس کے کیلیان ایمباپے نے بھی 118 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی یوں میچ ایک بار پھر تین تین سے برابر ہو گیا۔

مقررہ اور اضافی وقت میں میچ برابر ہونے پر فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، فرانس نے اپنی پہلی چار پنالٹی ککس پر 2 گول ضائع کئے، ارجنٹینا نے اپنی چاروں پنالٹی ککس پر گول کر ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔

فائنل میں شکست پر اسٹیڈیم میں موجود فرانسیسی صدر میکرون اور کھلاڑی افسردہ نظر آئے جبکہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے عالمی چیمپئن بننے پر ٹرافی اٹھا کر جشن منایا۔