Friday, April 19, 2024

اقوام متحدہ امن مشن کی 75ویں سالگرہ، 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزازات سے نوازا گیا

اقوام متحدہ امن مشن کی 75ویں سالگرہ، 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزازات سے نوازا گیا
May 26, 2023 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - اقوام متحدہ امن مشن کی 75ویں سالگرہ پر 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ کانگو ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید 6 پاکستانی اہلکاروں کو بھی میڈلز سے نوازا گیا۔

اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی گراں قدر خدمات کا برملا اعتراف! اقوام متحدہ میں ڈیگ ہمارسکجولڈ میڈل، ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ تقریب ہوئی۔ جسکی صدارت اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کی۔

دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے 103 امن دستوں میں سے 8 پاکستانی امن فوجیوں کو اعزاز دیے گئے۔ پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب محمد عامر خان نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے میڈلز وصول کیے۔ اس موقع پر پاکستانی ملٹری اور پولیس مشیر کرنل راجہ افضال احمد بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید 6 اہلکاروں کو بھی میڈلز سے نوازا گیا۔ پاکستانی امن دستے کا ہیلی کاپٹر 29 مارچ 2022ء کو کانگو میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔

اقوام متحدہ امن دستے میں شریک لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید، میجر محمد سعد نعمانی شہید، میجر فیضان علی شہید، حوالدار محمد اسماعیل شہید ۔۔نائب صوبیدار سمیع اللہ خان شہید، لانس حوالدار محمد جمیل خان، حوالدار بابر صدیق، کارپورل رانا محمد طاہر اسلام کو بھی میڈلز سے نوازا گیا۔

پاکستان، اقوام متحدہ امن مشنز میں تعاون فراہم کرنے والا پانچواں بڑا ہے۔ پاکستان کے 4 ہزار 200 فوجی، پولیس اہلکار اقوام متحدہ امن مشنز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔