Wednesday, April 24, 2024

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، دو کروڑ آبادی کیلئے آٹھ اعشاریہ دو ارب کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، دو کروڑ آبادی کیلئے آٹھ اعشاریہ دو ارب کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری
March 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دو کروڑ آبادی کے لیے آٹھ اعشاریہ دو ارب کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔

وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزراء، معاونین اور مشیروں سمیت دیگر اعلی حکام کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جی ٹوئنٹی ممالک کی جانب سے قرض موخر کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ جی ٹوئنٹی کے 15 ممالک کیساتھ قرض موخر کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ایل این جی ٹو پائپ لائن منصوبے کیلئے 21 ارب کی بنک گارنٹی کی منظوری بھی دی گئی۔ جھل مگسی فیلڈ سے ایس ایس جی سی ایل کو 15 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی دوبارہ فراہمی کی منظوری دی گئی۔ ماڑی گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ کپاس کی 2022-23ء کی فصل کیلئے کم از کم 5700 روپے من قیمت مقرر کر دی گئی۔

ای سی سی نے پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کیلئے 200 ملین کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی۔ پاک یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کیلئے 3.50 ارب کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری، پی ایس او اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے تیل کی قیمتوں کے فرق کیلئے 11.73 ارب اضافی منظور کر لیئے گئے۔ یہ سپلیمنٹری گرانٹ کی رقم 31 مارچ تک کیلئے فراہم کی جائے گی۔