Friday, April 19, 2024

اقوام متحدہ کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نئی اپیل

اقوام متحدہ کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نئی اپیل
September 18, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے نئی اپیل کردی۔ 

یونیسیف کے مطابق تقریباً 34 لاکھ سیلاب زدہ بچے فوری امداد کے منتظر ہیں، سیلاب میں پھنسے بچے ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ شیرخوار بچوں کی مائیں غذائی قلت کا شکار ہو کر دودھ پلانے سے بھی قاصر ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ہے۔ ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس کہتے ہیں عالمی ادارہ صحت 10 ملین ڈالر کی امداد کے بعد پاکستان کی مدد کیلئے نئی اپیل کرے گی۔

ادھرامریکا میں بھی پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد کا مطالبہ زور پکڑنے لگا۔ امریکی سینیٹر باب میننڈیز کا کہنا ہےکہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے دی گئی امداد قطرے سے زیادہ نہیں۔ پاکستان میں تین کروڑ لوگ گھروں سے محروم ہوچکے ہیں۔ آئی ایم ایف سے پاکستان کو ریلیف پیکج ملنا چاہیے۔

شیلا جیکسن نے بھی سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل کردی۔ شیلا جیکسن نے امریکی ایوان نمائندگان کو بریفنگ میں کہا پاکستان میں حد نگاہ تک پانی ہی پانی ہے، جس کے نکاس میں چھ ماہ لگ سکتے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔