لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر پیغام میں کہا اس دن کا مقصد عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے کے وعدے کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 74 برس سے کشمیری اس وعدے کو وفا ہونے کے انتظار میں ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنے اس عزم کا احترام کرنا چاہیے جو 74 سال پہلے کیا گیا تھا۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ حق خود ارادیت انسانی وقار کا ایک اہم جزو ہے، بھارت اس ناقابل تنسیخ انسانی حق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا ملٹرائزڈ زون بنا دیا ہے جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اُنہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہیئے کہ کوئی بھی دیوار آزادی کی خوشبو کو روک نہیں سکتی۔ آزادی کشمیریوں کا حق ہے، ان شاء اللہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔