Thursday, March 28, 2024

اقوام متحدہ کا افغانستان کے منجمد غیرملکی زرمبادلہ ذخائر بحال کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کا افغانستان کے منجمد غیرملکی زرمبادلہ ذخائر بحال کرنے کا مطالبہ
January 14, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ نے افغانستان کے منجمد غیرملکی زرمبادلہ ذخائر بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

افغانستان کی معاشی صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کا بڑا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ سیکرٹری جنرل یو این او انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ افغانستان کیلئے فوری طور پر بین الاقوامی فنڈنگ کی جائے۔ افغان غیر ملکی زرمبادلہ کے منجمد ذخائر کا فوری اجرا کیا جائے۔ افغانستان میں لاکھوں افراد کو بھوک  کا سامنا ہے۔ اداروں کو صحت اور تعلیم کی فراہمی میں مدد کرنے کی اجازت دی جائے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کے لیے انسانی امداد کی قرارداد بھی منظور ہو گئی تھی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی قراداد منظور کی تھی۔ خبر ایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل نے افغان عوام کی امداد سے متعلق قرارداد منظور کی تھی جس کے تحت افغانستان کے عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے گی۔ افغانستان کے عوام کو بنیادی اشیا ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ افغانستان کو امداد کے حوالے سے قانونی پیچیدگیاں ختم ہو گئیں۔ منجمد اکاؤنٹ بھی بحال ہو جائیں گے۔ افغانستان کو فوری طور پر امداد کے لیے جمع کی گئی رقم ادا کی جا سکے گی۔ قرار داد کے بعد افغانستان کے لئے 4.3 ارب ڈالر کی اپیل کی ہے۔ قرارداد کی منظوری پاکستان کے موقف کی تائید ہے۔ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لئے کوشش کرنا ہو گی۔