Sunday, May 5, 2024

اقوام متحدہ میں یوکرین پر حملے کی مذمتی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور

اقوام متحدہ میں یوکرین پر حملے کی مذمتی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور
February 24, 2023 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں یوکرین پر قرارداد بھاری کثرت سے منظور کرلی گئی۔ قرارداد کے حق میں 141، مخالفت میں 7 ووٹ پڑے، پاکستان سمیت 32 ممالک غیرجانبدار رہے۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں یوکرین پر قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔

پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریاستی خودمختاری، مساوات اور علاقائی سالمیت کے اصول کے احترام کرتا ہے۔ پاکستان، دھمکی یا طاقت کے استعمال سے علاقوں کے حصول سے باز رہنے کے مطالبے کا حامی ہے۔ طاقت کے استعمال سے ریاستوں کو توڑا نہیں جا سکتا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان اصولوں کا عالمی سطح پر اطلاق اور احترام نہیں کیا گیا۔

مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ کیا دنیا کو جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ، غیرقانونی اور زبردستی الحاق کا معاملہ نظر نہیں آتا۔ میرا وفد قرارداد کے مسودے میں موجود اصولوں، عمومی شقوں سے اتفاق اور توثیق کرتا ہے۔ قرارداد میں شامل کچھ شقیں پاکستان کے اصولی موقف سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ پاکستان براہ راست، بالواسطہ مذاکرات یا بذریعہ ثالثی منصفانہ، پائیدار حل، دشمنی کے خاتمے کا حامی ہے۔