Friday, May 17, 2024

کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب فائرنگ کے 2 واقعات، 8 اساتذہ جاں بحق

کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب فائرنگ کے 2 واقعات، 8 اساتذہ جاں بحق
May 4, 2023 ویب ڈیسک

کرم (92 نیوز) - ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے قریب فائرنگ کے2 واقعات میں 8 اساتذہ جاں بحق ہوگئے،، چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹیچر کی ہلاکت کے بعد اسکول پر حملہ ہوا جس میں 7 اساتذہ قتل کردیئے گئے۔

کرم کے علاقے تری مینگل میں ہائی اسکول کے سٹاف روم میں موجود اساتذہ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے اساتذہ تری مینگل ہائی اسکول میں میٹرک کے امتحانات کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

اس سے قبل نورکی میں شلوزان روڈ پر چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک اسکول ٹیچر جاں بحق ہوا، پولیس کے مطابق گاڑی میں موجود ٹیچر کو ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا۔

ان دونوں واقعات کے بعد ضلع بھر میں سکیورٹی خدشات کی بنا پر آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔