Friday, April 26, 2024

رائیونڈ مارچ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

رائیونڈ مارچ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
September 28, 2016
    لاہور(92نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے خلاف درخواست پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ کل جمعرات کو صبح سنایا جائے گا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں رائیونڈ مارچ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے رائیونڈ مارچ کے بارے میں سکیورٹی پلان پیش کیا۔ ہائیکورٹ کے فل بنچ کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے لیے سات ہزار چار سو چالیس پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے واضح کیا کہ مارچ کو روکنے کا کوئی ارادا نہیں۔ وہ امید کرتے ہیں کہ احتجاج کے شرکاء پرامن رہیں گے۔ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو وفاقی حکومت کے وکیل نے یہ اعتراض اٹھایا کہ ماضی میں لانگ مارچ کے شرکاء پرامن نہیں رہے تھے اور انہوں نے سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی یہ کیسے طے ہو گا کہ مظاہرین اس بار پرامن رہیں گے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نےعدالتی استفسار پر بتایا کہ پاناما لیکس کے ایشو پر پرامن احتجاج کیا جا رہا ہے جو آئین کے تحت ان کا بنیادی حق ہے۔