Saturday, April 20, 2024

ایپل قانونی جنگ ہار گیا‘ امریکی عدالت نے 302 ملین ڈالرز جرمانہ کر دیا

ایپل قانونی جنگ ہار گیا‘ امریکی عدالت نے 302 ملین ڈالرز جرمانہ کر دیا
October 2, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) دنیائے ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ایپل قانون کے شکنجے میں آ گئی۔ بغیر اجازت سوفٹ ویئر استعمال کرنے پر تیس کروڑ 20لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ایپل کمپنی پیٹنٹ کیس ہارنے کے بعد بھاری جرمانے کے بھنور میں پھنس گئی۔ ٹیکساس میں وفاقی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ ایپل وِرنیٹ ایکس ہولڈنگ کارپوریشن کو بغیر اجازت انٹرنیٹ سکیورٹی ٹیکنالوجی اور فیس ٹائم ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشن کے استعمال پر تین سو دو ملین ڈالر ادا کرے۔ وِرنیٹ ایکس اور ایپل کے مابین قانونی جنگ کا آغاز چھ سال قبل اس وقت ہوا جب 2010ءمیں وِرنیٹ ایکس نے ٹیکساس کی وفاقی عدالت میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس اور سیکیور کمیونی کیشنز لنکس پر مشتمل چار پیٹنٹ کیس دائر کیے۔ قبل ازیں 2012 میں عدالت نے تین اڑسٹھ اعشاریہ دو ملین ڈالرز جرمانہ کیا جسے بعد ازاں چھ سو پچیس اعشاریہ چھ ملین ڈالرز کر دیا گیا جو پیٹنٹ کیسوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ تھا مگر حالیہ فیصلے میں ایپل پر جرمانہ تین سو دو ملین ڈالرز تک محدود کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے بنتی ہے۔ فیصلے کے بعد ایپل کے نمائندوں نے اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔