Tuesday, April 23, 2024

اپوزیشن نے اسپیکر اسد قیصر کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد تیار کرلی

اپوزیشن نے اسپیکر اسد قیصر کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد تیار کرلی
March 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اپوزیشن نے وزیراعظم ہی نہیں اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی آؤٹ کرنے کی تیاری پکڑلی۔ اسپیکر اسد قیصر کیخلاف تحریک عدم اعتماد تیار کرلی۔

اقتدار کی غلام گردشوں میں نئی صف بندیاں، جوڑ توڑ، مشاورت اور اگلے لائحہ عمل کی تیاری، لمحہ بہ لمحہ بدلتی ہوئی صورتحال، سب نظریں اقتدار کے بڑے مراکز پر لگ گئیں۔

وزیراعظم کے بعد اسپیکر بھی اپوزیشن کے نشانے پر آگئے، تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے حکومتی ہتھکنڈوں کا توڑ اسد قیصر کی وزرا اور حکومتی ارکان سے ملاقاتوں پر سوالات اٹھ گئے۔

اپوزیشن نے اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاری کرلی، تحریک پر 100سے زائد ارکان نے دستخط بھی کرالئے۔

اپوزیشن کا کہنا ہے اسپیکر ہمارے ارکان کو فون کرکے بلا رہے ہیں، اسپیکر کیخلاف تحریک جمع ہوگئی تو اجلاس کی صدارت نہیں کرسکیں گے۔

اپوزیشن کے درمیان رابطے اور مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، پیپلزپارٹی نے وفاق میں فوری انتخابات پر آمادگی ظاہر کردی۔ ساتھ ہی صوبائی اسمبلیوں کو برقرار رکھنے کی تجویز دی۔ مولانا فضل الرحمن اس تجویز پر نوازشریف سے مشاورت کریں گے۔

اپوزیشن کا مشترکا مشاورتی اجلاس بھی پیر کو طلب کرلیا گیا۔ اتوار کو پی ڈی ایم کا اجلاس نہیں ہوگا بلکہ پیر کو تمام اپوزیشن قیادت ایک ساتھ بیٹھے گی۔ شہباز شریف کی رہائش گاہ پر تمام اپوزیشن قائدین کو عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے اپوزیشن ارکان سے رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن چیمبر اتوار کو بھی کھلا رہے گا، اپوزیشن لیڈر نے ن لیگی ارکان قومی اسمبلی کو بھی کل عشائیے پر بلالیا۔ تمام ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔