Friday, April 26, 2024

اپوزیشن کو اچانک چودھری صاحب کی صحت کا خیال آ گیا، وزیراعظم

اپوزیشن کو اچانک چودھری صاحب کی صحت کا خیال آ گیا، وزیراعظم
February 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں اپوزیشن کو اچانک چودھری صاحب کی صحت کا خیال آ گیا۔ وہ بے شک ایک انتہائی بہترین سیاست دان ہیں۔

سوموار کے روز پاکستان ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ پر عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گھبرائی ہوئی ہے، تحریک انصاف کی تربیت ایسی کی ہے، وہ ہر جنگ کیلئے تیار ہیں، آج کل ایم این ایز کے پاس تعزیت کرنے بھی جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین 5 ہزار بڑے ڈیمز بنا چکا ہے، اور ہم نے 1960ء میں جو ڈیم بنائے تھے ہمارے پاس صرف وہی رہ گئے۔ اس کوتاہی کی وجہ سے ہمارے ملک بہت بڑا نقصان پہنچا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کل جو بجلی کی قیمت ہے اس کی وجہ درآمد کردہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے، جب عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوگا تو اس کا اکثر دیگر ممالک پر بھی پڑتا ہے اور قیمتیں بڑھنے سے عوام پر بوجھ پڑ جاتا ہے۔ یہی بجلی ہائیڈرو پوٹینشل پر بنا لیتے تو آج ہمیں یہ مہنگائی کا سامنا نہ کرنا پڑتا کیونکہ جب بجلی مہنگی ہوتی ہے تو ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تیل مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھتے ہیں ہے۔ پاکستان میں تیل مہنگا ہونے سے بجلی بھی مہنگی ہوجاتی ہے کیونکہ آدھی بجلی تیل سے بنتی ہے۔ بدقسمتی سے طویل المدتی منصوبہ بندی نہ ہونے سے آج ہمیں ان مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جو ممالک دنیا میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اس کی وجہ طویل المدتی منصوبہ بندی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم صرف منصوبہ بندی 5 سالہ الیکشن کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتے ہیں جبکہ چین طویل المدتی منصوبہ بندی کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی حکومت پر فخر ہے کہ ہم نے الیکشن کا سوچنے کے بجائے طویل المدتی منصوبہ بندی کی اور آج کی تقریب اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کے ذخائر چاہیئں، ابھی بھی صوبوں کے مابین پانی کے مسائل ہیں۔