Friday, April 26, 2024

اپوزیشن کے کرپٹ لیڈروں کی وزیراعظم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں، عثمان بزدار

اپوزیشن کے کرپٹ لیڈروں کی وزیراعظم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں، عثمان بزدار
January 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن کے کرپٹ لیڈروں کی وزیراعظم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، انکی ایمانداری کے سامنے کرپٹ اپوزیشن رہنماؤں کی کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط اور پانچ سال پورے کرے گی، کرپٹ اپوزیشن جو مرضی کرلے این آر او ملے گا نہ ان کی سیاسی دال گلے گی۔

عثمان بزدار مزید بولے کہ اپوزیشن کی منفی سیاست کے علاوہ تمام اشارے مثبت اور حوصلہ افزا ہیں۔ "اپوزیشن خود بحران کا سامنا کر رہی ہے۔ جو لوگ روایتی سیاست کرتے ہیں ان کا حال بھی تاریک ہے اور مستقبل بھی تاریک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے حقیقی ترقی کیلئے پالیسی سازی اور فول پروف میکنزم وضع کردیا، ترقی کے ثمرات پنجاب کے ہرشہر، قصبے اور دیہات تک پہنچ رہے ہیں، ماضی میں صرف خواب دکھائے گئے، تعبیر ہم پیش کررہے ہیں۔