Thursday, April 25, 2024

اپوزیشن کے جلسوں کے جواب میں حکومت جلسے نہیں کیا کرتی، چودھری شجاعت حسین

اپوزیشن کے جلسوں کے جواب میں حکومت جلسے نہیں کیا کرتی، چودھری شجاعت حسین
March 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سینئر سیاستدان چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے اپوزیشن کے جلسوں کے جواب میں حکومت جلسے نہیں کیا کرتی۔

مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے ملک کے اعلی ترین مفاد میں جلسے کرنے کا اعلان واپس لینے کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا موجودہ معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ حیرانگی ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی جلسے کرنے لگ گئی ہے جو اس کا کام نہیں۔ یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔ آئین وجمہوریت کی پاسداری کیلئے ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے۔ ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے۔ دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔