لاہور (92 نیوز) - اورنج لائن میٹرو ٹرین کے فعال ہونے کے 2 سال 22 دن بعد کرایوں میں ردوبدل کر دیا گیا۔
پنجاب کابینہ نے اسٹاپ ٹو اسٹاپ کرایہ کی منظوری دے دی۔ اورنج ٹرین کے نئے کرایہ نامہ میں پانچ اسٹیجز تشکیل دی گئی ہیں۔ زیرو سے 4 کلو میٹر تک سفر کرنے والے مسافروں کو صرف 20 روپے کرایہ دینا پڑے گا۔ 5 یا 8 کلو میٹر تک جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 25 روپے ہو گا ۔ ایک اسٹیشن سے 12 کلو میٹر تک سفر کرنے والے مسافروں سے 30 روپے وصول کیے جائیں گے۔ 13 یا 16 کلومیٹرکی مسافت طے کرنے والے مسافروں کے لیے کرایہ 35 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 16 کلومیٹر سے زائد یا آخری اسٹاپ تک 27 کلو میٹر سفر کرنے والے مسافروں کو ہی 40 روپے ہی ادا کرنا پڑیں گے۔
اس سے قبل کم یا زیادہ سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے اورنج لائن ٹرین کا کرایہ 40 روپے تھا۔ کرایوں میں ردوبدل پر پنجاب حکومت کے فیصلے کو شہریوں نے خوب سراہا ہے۔
چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی ڈاکٹر شاہد صدیق کہتے ہیں اس سے عوام اور حکومت دونوں کو فائدہ ہو گا۔ نیا کرایہ نامہ کل سے نافذ العمل ہو گا۔ جی ایم آپریشنز عزیر شاہ نے فیصلے کی تصدیق کر دی۔