Thursday, April 18, 2024

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا، 248 روپے میں فروخت، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا، 248 روپے میں فروخت، اسٹاک مارکیٹ میں مندی
July 29, 2022 ویب ڈیسک

 

کراچی (92 نیوز) – سیاسی غیر یقینی ،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ میں تاخیر کے باعث روپیہ بےقدر اور ڈالر کی اونچی پرواز جاری ہے، آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے کے بڑے اضافے سے 248 روپے پر پہنچ گیا جبکہ انٹربینک میں ڈالر 57 پیسے سستا ہوکر 239 روپے 37 پیسے پر بند ہوا۔

سیاسی غیر یقینی، حکومتوں کی تبدیلی، کرنٹ اکائونٹ خسارہ، آئی ایم ایف پیکیج میں تاخیر کا نتیجہ روپے کی دن بدن بے قدری کی صورت میں نکل رہا ہے۔

آج اوپن مارکیٹ میں ایک ہی دن میں ڈالرکی قیمت میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے بڑھ کر 248 روپے کا ہوگیا۔

انٹربینک کی بات کی جائے تو یہاں ڈالر اتارچڑھائو کا شکار رہا۔ دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 57 پیسے سستاہوکر 239 روپے37 پیسے پر ٹھہرگیا۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں دن بھر چھائی رہی تیزی آخر میں مندی میں بدل گئی۔ کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں 111 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا تاہم دن ڈھلتے ڈھلتے اختتام پر 126 پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس 40150 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں صفر اعشاریہ 31 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

ادھر ایک ہی روز میں سونے کی قیمت 10500 روپے فی تولہ بڑھنے کے بعد آج سونا 4200 روپے سستا ہوکر 158300 روپے ہوگیا جبکہ 10 گرام سونا 3601 روپےکمی سے 135717 روپے کا ہوگیا۔ عالمی بازار میں سونے کی قیمت 12 ڈالر اضافے سے 1762 ڈالر فی اونس رہی۔